شیر افضل مروت کی گرفتاری، باجوڑ سے واپس بھجوا دیا‘ کارکنوں کا احتجاج
باجوڑ (نیٹ نیوز) تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کو باجوڑ میں گرفتار کرلیا گیا تاہم کارکنوں کے احتجاج کے بعد پولیس نے انہیں رہا کرتے ہوئے باجوڑ سے واپس جانے کی ہدایت کردی۔ پی ٹی آئی کے نائب صدر شیر افضل مروت نوشہرہ میں کنونشن میں شرکت کے لیے پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں عبور کرکے پہنچے تھے اور وہ کل باجوڑ میں منعقد ہونے والے ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو باجوڑ جاتے ہوئے راستے میں گرفتار کیا گیا۔ ان کی گرفتاری کی خبریں سامنے آنے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے چکدرہ روڈ کو بند کردیا اور ان کی رہائی تک دھرنے کا اعلان کیا۔