• news

4 روزہ پریکٹس میچ: پاکستانی باؤلر پرائم منسٹر الیون کیخلاف ناکام، ابرار احمد انجری کا شکار

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پرائم منسٹر الیون نے 4 وکٹ پر 367 رنز بنا لئے جبکہ اب بھی اسے 24 رنز کا خسارہ باقی ہے۔آج میچ کا آخری دن ہے اورمقابلہ ڈرا کی جانب گامزن ہے ۔میٹ رنشا 136 اور بیو ویبسٹر 21 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ کیمرون بین کرافٹ 53، کیمرون گرین 46، مارکس ہیرس 49 اور نیتھن میک سوئینے 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کے خرم شہزاد، فہیم اشرف، ابرار احمد اور امام الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹ 391 رنز پر ڈکلیئر کی تھی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر سے 7 جنوری تک کھیلی جائے گی۔قومی کرکٹ ٹیم کے مسٹری سپنر ابرار احمد آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انجری کا شکار ہوگئے،کینبرا میں پرائم منسٹرالیون کیخلاف چار روزہ میچ کے تیسرے روز سپنر نے 8اوورز کے بعد دائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں آرام کیلئے بھیج دیا گیا،پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ابرار احمد کو ٹانگ میں تکلیف کے بعد ایم آر آئی سکین کیلئے بھیج دیا گیا ہے، میڈیکل پینل کرکٹر کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کریگا،ابرار احمد نے پرائم منسٹر الیون کیخلاف میچ میں کل 27اوورز کرائے ہیں، جس میں انہوں نے 80رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ ابرار احمد کی انجری کے بعد حکام نے متبادل کھلاڑی کیلئے 2 ناموں پر مشاورت شروع کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ کو ابرار احمد کی ایم آر آئی کی رپورٹ کا انتظار ہے، ابرار احمد کے پاؤں میں تکلیف 4 روزہ میچ کے تیسرے روز ہوئی۔ابرار احمد کے ممکنہ متبادل کیلئے ساجد خان اور زاہد محمود کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن