حکومت بلوچستان میں ریڈیو پاکستان کی سروسز کو مزید بہتر بنائے گی: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے ہفتہ کو ریڈیو پاکستان کوئٹہ سٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ سٹیشن ڈائریکٹر انیس الرحمان نے بلوچستان میں ریڈیو پاکستان کے حوالے سے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان صوبہ کے دور دراز علاقوں میں عوام کو خبروں اور تفریح کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں ریڈیو پاکستان کی سروسز کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن بولان 17 دسمبر سے ہزارگی زبان میں اپنی نشریات کا آغاز کرے گا۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے ایک ٹویٹ میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی بولان بلوچی، پشتو اور براہوی زبانوں میں اپنی عمومی نشریات کے علاوہ 17 دسمبر بروز اتوار سے ہزارگی زبان میں بھی اپنی نشریات شروع کرے گا۔