’’سیاسی بادلوں‘‘ کا اللہ کو پتہ، آئیں گے یا نہیں: وزیراعلیٰ، کھاد فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب میں یوریا کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس،گندم کی کاشت اور یوریا کی دستیابی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ گندم کی فی من پیداوار کا ہدف یوریا کی کمی سے متاثر ہو سکتا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے خصوصی اجلاس میں کمشنرز کو ایپ پر متعلقہ اضلاع میں کھاد کی نقل وحمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں کو واشنگ کے پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے جیل روڈ پر واشنگ کے عمل کا معائنہ کیا۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے 79 سڑکوں کی واشنگ کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، کام ہو رہا ہے۔ بارش کے لئے تھوڑے بہت بادل بھی چاہئیں۔ سائیکلنگ چھٹی والے دن ہو سکتی ہے۔ لوگوں سے زبردستی سائیکل نہیں چلوا سکتے۔ گڑھی شاہو چوک پر ٹریفک ڈائی ورشن کا تجربہ کامیاب نہیں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہا کہ سیاسی بادل آنے کا اللہ تعالی کو پتہ ہے، آئیں گے یا نہیں آئیں گے۔ وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا۔ شہریوں نے کئی کئی گھنٹے انتظار کرانے کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیر اعلٰی محسن نقوی نے خدمت مرکز کے باہر اور اندر موجود شہریوں سے ملاقات کی اور فردا فردا لائسنس بنوانے کے حوالے سے دریافت کیا۔ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے شہریوں نے بھی شکایت کی کہ ہمیں ٹیسٹ کے لئے 8، 8 گھنٹے انتظار پڑرہا ہے۔ وزیر اعلٰی محسن نقوی نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو موقع پر ہی فون کیا، سسٹم کو بہتر بنانے اور ہنگامی طور پر ٹیم خدمت مرکز بھجوانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے موقع پر ہی اعلان کیا کہ لائسنس بنوانے کا ٹوکن رکھنے والے شہری کا آئندہ 3 روز چالان نہیں ہو گا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے عراق کے سفیر حامد عباس لفطا (Mr. Hamid Abbas Lafta) نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور مذہبی سیاحت اور ثقافت کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔ سنٹر میں 20 وفاقی و صوبائی محکموں کے دفاتر ایک چھت تلے موجود ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے 106 این او سیز دو ہفتے میں جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سنٹرز راولپنڈی، ملتان، گوجرانولہ اور دیگر بڑے شہروں میں ایک ماہ میں فعال ہونگے۔ محسن نقوی نے کہا کہ عراق اور پنجاب کے درمیان مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دوبارہ دورہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی ہمراہ تھے۔ وزیر اعلٰی محسن نقوی نے خدمت مرکز میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور اجراء لائسنس کے عمل کے بارے استفسار کیا۔