نوازشریف کی واپسی سے قوم کی مایوسیاں ختم ہوئیں، مہنگائی، بیروزگاری کا خاتمہ کرینگے: شہباز شریف
لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے وطن واپس آنے کے بعد قوم کی مایوسیاں ختم ہو گئی ہیں، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) قوم کو امن، ترقی اور معاشی خوشحالی دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔شہباز شریف سے چترال سے پارٹی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین ،حماد نواز ٹیپو، راولپنڈی ڈویژن کے پارٹی صدر ملک ابرار، نائب صدر شاہ محمد شاہ،ملک رشید، ملک احمد خان اور ملک علی احمد نے الگ الگ ملاقات کی۔ملاقات میں رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے ۔شہباز شریف نے شہزادہ افتخار الدین کے والد شہزادہ محی الدین مرحوم کی ملک وقوم کے لئے خدمات کو سراہا۔ملاقات میں پارٹی کے امور اور انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا ،رہنمائوں نے اپنے حلقوں میں جاری انتخابی تیاریوں پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قوم کی امیدوں اور توقعات پر ہمیشہ کی طرح پورا اترے گی، خیبر پختونخواہ میں10 سال کی حکومت نے عوام کو کچھ نہ دیا، عوام کے وسائل کو صرف بے دردی سے لوٹا گیا، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قوم کو متحد ہو کر پوری یکسوئی اور عزم سے کام کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی، معاشی بدحالی، بے روزگاری، مہنگائی سب کا خاتمے کریںگے۔