اسرائیل ہسپتالوں اور طبی کارکنوں کی حفاظت کرے: عالمی ادارہ صحت
نیویارک(این این آئی)عالمی ادار صحت کے ایک درجن سے زائد رکن ممالک نے ایک مسودہ قرارداد پیش کیاہے جس میں اسرائیل پر زور دیا گیا کہ وہ غزہ میں انسانی ہمدردی کارکنان کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سات اکتوبر کو حماس کے مزاحمت کاروں کے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ میں جنگ شروع ہو گئی تھی جس میں اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق تقریبا 1,200 افراد ہلاک اور کئی ایک یرغمال بنا لیے گئے جن میں سے 138 بدستور اسیر ہیں۔محصور فلسطینی علاقے میں حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے جوابی فضائی اور زمینی حملے میں 17,487 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے ایگزیکٹو بورڈ کے ایک خصوصی اجلاس کے دوران مسود قرارداد کے متن کا جائزہ لیا جائے گا جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقے میں صحت کی صورتِ حال زیرِ بحث آئے گی۔اس قرارداد کی تجویز الجیریا، بولیویا، چین، مصر، انڈونیشیا، عراق، اردن، لبنان، ملائیشیا، مراکش، پاکستان، قطر، سعودی عرب، تیونس، ترکی، متحدہ عرب امارات اور یمن نے دی تھی۔