• news

سلامتی کونسل کی جنگ بندی اپیل میں ناکامی پر مایوس، اسرائیل غزہ پر حملے بند کرے: پاکستان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے سلامتی کونسل کی جانب سے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کی اپیل نہ کرنے پر مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے انسانی المیہ سے بچنے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں بڑے پیمانہ پرانسانی المیے کے باوجود سلامتی کونسل جنگ بندی کی اپیل میں ناکام رہی جس سے پاکستان کو مایوسی ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کی درخواست اور غزہ میں انسانی تباہی سے متعلق وارننگ کے باوجود سلامتی کونسل بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ غزہ کے محصور عوام جس اجتماعی سزا کو برداشت کر رہے ہیں وہ ناقابل قبول ہے اور اس کی مثال نہیں ملتی۔ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مہم کے تسلسل سے انسانی مصائب میں اضافہ ہو گا۔ بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتیں ہوں گی اور لاکھوں لوگوں کو جبری طور پر بے گھر ہونا پڑے گا۔ اسرائیلی اقدامات سے وسیع تر اور زیادہ خطرناک تنازعہ بھی جنم لے سکتا ہے۔ غزہ کے عوام پر بلا تعطل بمباری کو طول دینے میں تعاون فراہم کرنے والوں پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اسرائیل سے غزہ کے خلاف ہر وحشیانہ حملے اور غیر انسانی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کارروائی، غیر انسانی جنگ کو ختم کرنے اور غزہ کے عوام کو کو نسل کشی سے بچانے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن