• news

آزمائے ہوئے چہروں نے ملکی مسائل حل کرنے کی بجائے اضافہ کیا: سراج الحق

 لاہور‘بہاولپور(نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دوخاندانوں نے سات دفعہ حکومتیں کیں، خودخوشحال، ملک کو بدحال کر دیا۔ جماعت اسلامی کی حکومت کسی خاندان کی نہیں، حقیقت میں عوام کی نمائندہ ہو گی۔ بار بار آزمائے ہوئے چہرے ملک کے مسائل حل کرنے کی بجائے، اضافے کا باعث بنے۔ نوجوان 8فروری کو دوخاندانوں کے محلات کا طواف کرنے کی بجائے ان کا احتساب کرنے کو تیار ہیں۔ دو خاندانوں کی حکومتوں کی وجہ سے 25کروڑ عوام بنیادی حقوق، بچے بچیاں تعلیم، نوجوان روزگار سے محروم ہیں، انہوں نے قومی ادارے تباہ کردیے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور جرنیلوں نے آئین کے ساتھ بے وفائی کی، انہی حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں پاکستان آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کا غلام ہے۔ قوم کرپشن، جہالت، بے روزگاری سے پاک اسلامی و خوشحال پاکستان دیکھنے کے لیے 8فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگا کر جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔ امیر جماعت اسلامی نے بہاولپور خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے 25 لاکھ ہماری بیٹیاں،مائیں اور ہمارے بھائی امریکی ،اسرائیلی ،فرانس،جاپان اور جرمنی بمبوں اور مزائلوں کی لگائی آگ میں جل رہے ہیں اسرائیلی طیارے آئے روز موت بانٹ رہے ہیں اب تک اسرائیلی بمباری سے 21 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن