غصہ پینے کی فضیلت
غصہ کرنا انتہائی بری عادت ہے۔ اس سے بہت سارے کام بگڑ جاتے ہیں اور انسان بہت سے قیمتی رشتوں کو کھو بیٹھتا ہے۔غصہ کرنے سے اللہ تعالی کی ناراضگی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اپنی دنیا اور آخرت بہتر بنانے کے لیے ہمیں چاہیے کہ اپنیاندرسے غصہ جیسی بری عادت کو ختم کریں۔ جو لوگ اپنے غصہ پر قابو رکھتے ہیں ان کو اللہ تعالی اپنے پسند یدہ بندے قرار دیتاہے۔ ارشاد باری تعالی ہے : ’’وہ جو اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں خوشی میں اور رنج میں اور غصہ پینے والے اور لوگوں سے در گزر کرنے والے اور نیک لوگ اللہ کے محبوب ہیں۔ (سورۃ آل عمران )۔
سورۃ الشوریٰ میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : ’’ اور جو بڑے بڑے گناہوں اور بے حیائی سے پرہیز کرتے ہیں اور جب غصہ آتا ہے تو معاف کر دیتے ہیں ‘‘۔
’’ اور برائی کا بدلہ اسی کی برابر برائی ہے تو جس نے معاف کیا اور کام سنوار لیا تو اس کا اجر اللہ پر ہے بیشک وہ دوست نہیں رکھتاظالموں کو ( سورۃ الشوری)۔
بخاری شریف میں ہے کہ ایک شخص نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا، مجھے وصیت فرمائیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا غصہ مت کیا کرو۔ اس نے پھر عرض کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے وصیت فرمائیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر یہی فرمایا کہ غصہ مت کیا کرو۔ (بخاری شریف)۔
حضرت سیدنا ابو الدردا رضی اللہ تعالی عنہ نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عرض کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے کوئی ایسا عمل ارشاد فرمائیں جو مجھے جنت میں لے جائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا غصہ نہ کرو ، تو تمہارے لیے جنت ہے۔ ( مجمع الزوائد)۔
بخاری شریف میں ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ طاقتور وہ نہیں جو بچھاڑ دے بلکہ طاقتور وہ ہے جو غصہ کے وقت اپنے آپ کو قابو میں رکھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص اپنا غصہ روک لے اللہ تعالی قیامت کے دن اس سے عذاب روک لے گا اور جس نے اللہ تعالی کی بارگاہ میں عذر پیش کیا اللہ تعالی اس کا عذر قبول فرمائے گا۔حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالی کے نزدیک اس غصہ کے گھونٹ سے بہتر گھونٹ نہیں جو اللہ تعالی کی رضا کی خاطرپی پیا گیا۔ ( اشعۃ اللمعات )۔حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جو غصہ پی جائے گا حالانکہ کہ وہ نافذ کرنے پر قدرت رکھتا تھا تو اللہ تعالی قیامت کے دن اس کے دل کو اپنی رضا سے معمور فرمائے گا۔ ( کنزالعمال)۔