آخری دن بارش کی نذر، پاکستان، پرائم منسٹر الیون کے درمیان میچ ڈرا، ابرار پہلے ٹیسٹ سے آؤٹ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) کینبرا میں پاکستان اور آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ کا آخری دن بارش کی نذر ہوگیا ‘میچ ڈرا ہوگیا۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں کپتان شان مسعود کی ڈبل سنچری کی بدولت 9وکٹوں پر 391رنز پر ڈکلیئر کی تھی۔ کپتان شان مسعود نے ناقابل شکست 201رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی پی ایم الیون نے 4وکٹوں پر 367رنز بنائے تھے۔شان مسعود کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر سے 7جنوری تک کھیلی جائیگی۔پرتھ ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کوئی سپنر شامل نہ کیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان پرتھ ٹیسٹ میں فاسٹ بائولرز اور نان ریگولر سپنرکھلانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، ٹیم میں شاہین آفریدی، فہیم اشرف، حسن علی اور خرم شہزاد کوکھلانے کا امکان ہے تاہم پاکستان کے حتمی ٹیسٹ سکواڈ کا فیصلہ پچ اورکنڈیشن دیکھ کرکیا جائیگا۔ ابرار احمد کی انجری کے باعث پرتھ ٹیسٹ میں ان کی جگہ ساجد خان کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ابرار احمد کی پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہے۔ قومی کرکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ وہ کسی بھی بیٹرکو مشکل نہیں سمجھتے۔ پرائم منسٹر الیون کیخلاف 4روزہ فرسٹ کلاس میچ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ اگر ٹیسٹ میں موقع ملا تو ٹیسٹ جتوانے میں اہم کردار ادا کروں گا۔