• news

کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کا دورہ، 10 سال بعد نہروں کی صفائی، پانی چوری کیخلاف سخت ایکشن لیں: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کے دونوں پیکجز کا 2گھنٹے تک دورہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سگیاں سے نیازی چوک اور بابو صابو سے سگیاں تک3،7 کلومیٹر پورے روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے پیکج ون پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ پیکج 2 پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں کنٹریکٹر کو منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے بھی ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ منصوبے کی اطراف سٹرکوں پر تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ منصوبے کے پیکج ٹو بابو صابو تا سگیاں کا مجموعی طور پر 24 فیصد جبکہ پیکج ون سگیاں تا نیازی چوک کا 40 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔پیکج ون کے 34 میں سے 33 گرڈرز، پیکج ٹو کے 51 میں 38 گرڈرز تیار ہیں جبکہ دیگر پر کام جاری ہے۔ پیکج ون کے 3100 پینلز انسٹال اور پیکج ٹو کے 551 انسٹال ہو چکے ہیں جبکہ 1900 پینلز تیار ہیں۔ دونوں پیکجز سے منسلک 9 سب ویز پر بھی بیک وقت کام جاری ہے۔ پراجیکٹ کے د ورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بند روڈ پراجیکٹ وقت پر مکمل کر لیا جائے گا۔ امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالے سے وزیراعظم سے بات چیت ہوئی ہے۔ امید ہے وزیراعظم نوٹس لے کر امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ جلد مکمل کرائیں گے۔ وزیراعظم  سے یوریا کھاد کی قلت کو پورا کرنے کے لئے بھی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 20 دسمبر سے ہماری بندرگاہ پر 2لاکھ ٹن اضافی یوریا کھاد پہنچ جائے گی جس سے کمی ختم ہوگی۔ امید ہے جو بھی اگلا وزیراعلی ہو گا، انشاء اللہ بہتر کام کرے گا۔ فری لانسرز کی انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کے لئے پراجیکٹ شروع کر دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب 50سے 60ڈالر خرچ کر کے فری لانسرز کی انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کروائے گی۔ وزیرا علیٰ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز کی سائیڈ روڈز، راوی کے نئے پل اور بیدیاں انڈر پاس کی سائیڈز روڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر پراجیکٹ کی تکمیل میں مزید تاخیرنہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، بھل صفائی کے پروگرام اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ 10 سال بعد پنجاب کی 1112 نہروں کی بھل صفائی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے افسروں کو ہدایت کی کہ پانی چوری کیخلاف سخت ایکشن لیں۔  وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے آج پنجاب کابینہ کا 34واں اجلاس طلب کر لیا۔ محسن نقوی نے روایتی حریف بھارت کے خلاف جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان کرکٹرز نے ہر شعبہ میں بھارتی ٹیم کو آؤٹ کلاس کر کے فتح اپنے نام کی۔ اذان اویس نے سنچری کر کے بھارت کے خلاف فتح میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انڈر 19 کرکٹرز نے محنت‘ ٹیم ورک اور جذبے سے روایتی حریف کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہمیشہ جیت کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ کھلاڑیوں نے باؤلنگ‘ بیٹنگ اور فیلڈنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور کامیابی حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن