ایک جیل سے نکلنے دوسرا بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا، ہمارے پاس مہنگائی ختم کرنے کا پلان:بلاول
اسلام آباد‘ کوہاٹ‘ کراچی (خبر نگار خصوصی + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے۔ کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا قوم کو بتانا پڑے گا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے قتل میں کون ملوث تھا۔ بھٹو کے عدالتی قتل کے سہولت کار کون تھے۔ جنرل ضیاء سے لیکر ججز، وکیلوں اور سیاستدانوں سمیت جو بھی سہولت کار تھے وہ اس ملک کے مجرم ہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے کی اس غلطی کی تلافی کریں گے۔ الیکشن میں وہ لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ جنہیں خوف دامن گیر ہے۔ تاکہ الیکشن میں کامیاب ہو کر خود کو بچا سکیں۔ پیپلز پارٹی غریب عوام کی پارٹی ہے۔ جس نے ہمیشہ غریبوں کی خدمت کو فرض اولین سمجھا۔ آج ملک مختلف بحرانوں کا شکار ہے۔ جس کا حل پیپلز پارٹی کے پاس موجود ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نیئر بخاری، صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی، ڈویژنل صدر نادر خان خٹک ایڈووکیٹ، ضلعی صدر عبدالرئوف ایڈووکیٹ، صوبائی رہنما نجم الدین، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے عہدیداران اور مرد و خواتین ورکروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ چیئرمین بلاول زرداری بھٹو نے کہا کہ مجھے مشورے دئیے گئے کہ حالات سازگار نہ ہونے کی وجہ سے خیبر پختونخواہ کے دورے نہ کیے جائیں۔ مگر پختونخواہ کے غیور عوام کی محبت مجھے یہاں کھینچ لائی۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کی سیاست کی ہے۔ چاہے وہ ذوالفقار علی بھٹو ہوں، بے نظیر بھٹو ہوں۔ اُنہوں نے ہمیشہ ملک کی سلامتی ، تحفظ اور اسلامی اقدار کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور امن و امان کی بد ترین صورتحال سے ہے۔ ہم برسراقتدار آ کر ان عوامل کے خلاف جنگ کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے بارہ سال پہلے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی کہ ذوالفقار علی بھٹو کے قتل میں کون سے عوامل کار فرما تھے۔ تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ مسلم اُمہ کے لیڈر، آئین اور ایٹم بم کے خالق کو بھی نہ بخشا گیا۔ آخر میں اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ کیونکہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہے۔ کنونشن سے وقاص آفریدی، عبدالرئوف ایڈووکیٹ، منان بنگش، سینیٹر شمیم آفریدی، امجد آفریدی اور محمد علی شاہ باچا نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا انسانی حقوق کا تحفظ و فروغ شامل ہے۔ آئندہ عام انتخابات کے لیے بھی ہمارا منشور ایسی ہی ترجیحات کا مظہر ہو گا۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو دیئے ہوئے اپنے تحفے متفقہ آئین کے ذریعے تمام شہریوں خواہ وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم، کو یکساں آزادیاں و حقوق دے کر انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ عوامی حکومت نے انسانی حقوق کی ایک جامع پالیسی منظور کی، جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صوبائی حکومت کا ہر حصہ تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے کرک‘ بنوں‘ لکی مروت‘ کرم‘ اورکزئی اور کوہاٹ کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کی۔ بلاول نے سابق فاٹا کے علاقوں کے عمائدین اور پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ بلاول کو سابق فاٹا کے عمائدین اور پارٹی رہنماؤں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔