قومی کرکٹرز کے پرتھ میں ڈیرے، آج سے پریکٹس، آسٹریلوی باؤلرز بابر اعظم سے خوفزدہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا سے پرتھ پہنچ گئی ۔آج پیر سے ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگا ۔ پاکستان ٹیم واکا گراؤنڈ میں صبح دس بجے سے ایک بجے دوپہر تک ٹریننگ کریگی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ پرتھ میں 14دسمبر سے کھیلا جائیگا۔ آسٹریلوی فاسٹ بائولر اور کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں، ان کی کوئی خاص کمزوریاں نہیں ہیں۔ بابر اعظم کی تکنیک بہت مضبوط ہے، وہ گراؤنڈ میں کہیں بھی سکور بنا سکتے ہیں اور اس سیریز میں بابر ہمارے لئے مشکل ہوں گے۔ بابر اعظم اس وقت دنیا کے بہترین بیٹرز کی لسٹ میں ہیں جنہیں آؤٹ کرنے کے بعد ہمیشہ آپ مطمئن ہوتے ہیں۔فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ نے کہا کہ بابر اعظم ایک کلاس کے کھلاڑی ہیں، پہلے ون ڈے کرکٹ میں اپنا لوہا منوایا اور پھر ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنے کھیل کو مضبوط کیا۔ بابر اعظم ایک کوالٹی پلیئر ہیں، اگر آپ نے بابر کو آؤٹ نہیں کیا تو وہ آپ کو نقصان پہنچائیں گے، بابر اعظم آپ پر پریشر واپس ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔آسٹریلیا کے سپن بائولر نیتھن لائن نے کہا کہ بابر اعظم بہت ہی ٹیلنٹڈ کھلاڑی ہیں، جب بابر بیٹنگ کرتے ہیں تو اپنے ہاتھوں کا خوبصورت استعمال کرتے ہیں۔ آپ ہمیشہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کیخلاف کھیلنا چاہتے ہیں اور بابر دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔فاسٹ بائولر مچل سٹارک نے کہا کہ بابر اعظم کے بیٹنگ کا مزاج بہت کمال کا ہے، بابر کے پاس ہر قسم کے شاٹس ہیں، وہ ایسے کھلاڑی ہیں جو اننگز کو بنا سکتے ہیں اور وقت پر جارحانہ بھی کھیل سکتے ہیں۔ بابر کسی بھی وقت گیم کا مومینٹم بدل کر جیت سکتے ہیں، وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، امید ہے کہ بابر کو اس بار رنز نہیں بنانے دیں گے۔