• news

پاکستان اجاڑنے والا جیل میں بیٹھا، ملک اناڑی کو دینے کا انجام سب نے دیکھ لیا: احسن اقبال

ظفروال (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے ملک کو اجاڑنے والا آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے، ملک اناڑی کے حوالے کرنے کا انجام سب نے دیکھ لیا۔  ظفروال میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا حلقہ پی پی 54 کو تعلیم و تربیت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، نوازشریف نے ملک میں بجلی کی کمی کو پورا کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ غریب آدمی سارا دن محنت مزدوری کرکے رات کو بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سو نہیں سکتا تھا، نوازشریف نے ملک میں سڑکوں کے جال بچھائے، مشرف دور میں ہم پر مقدمات کی بھرمار کر دی گئی لیکن ہم نے ہمت اور حوصلہ نہیں چھوڑا، مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی ہم پر ناجائز مقدمات بنائے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی نااہلی کے باعث ملک کو مہنگائی کی دلدل میں پھینک دیا۔ لوگ تو اپنی موٹرسائیکل کی چابی کسی اناڑی ڈرائیور کے حوالے نہیں کرتے، نارووال کی طرح ظفروال میں بھی تعلیم و ترقی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن