• news

اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی واضح‘ مسئلہ فلسطین پر مؤقف نہیں بدلا: طاہر اشرفی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے فلسطین میں امداد بھیجی، اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی واضح ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ او آئی سی اتحاد ماضی کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔ او آئی سی کی کوششوں سے ہی 13 ووٹ ایک طرف ہوئے ہیں، عارضی جنگ بندی بھی ہوئی وہ بھی او آئی سی کی کوششوں سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے فلسطین میں امداد بھیجی۔ حکومت نے فلسطین کی امداد کو بڑھایا ہے اور پوری انسانیت اس وقت اہل فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ پاکستان نے فلسطین کے معاملے پر ہر فورم پر آواز بلند کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، مسئلہ فلسطین پر پاکستان اور امت مسلمہ میں تقسیم نہیں، کل امریکا نے سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کی۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے اس پر واضح پالیسی بیان دیا۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ اسرائیل ظالم ملک ہے اور پاکستان واحد ملک ہے جس کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، نگران وزیر اعظم کا مئوقف وہی ہے جو روز اول سے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن