سیاست سب کا حق، کسی جماعت کو باہر نہیں کرنا چاہیے: قمرکائرہ
منڈی بہائوالدین (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کسی جماعت کو طاقت کے زور پر سیاسی عمل سے باہر نہیں کرنا چاہیے، پاکستان میں سب کو سیاست کرنے کا حق ملنا چاہئے۔ الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے۔ میاں نواز شریف کو لندن روانگی کے وقت سے ہی فیور دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤالدین کے مقامی ہوٹل میں مشاہد رضا امیدوار قومی اسمبلی کی بھتیجی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت کئی لوگوں کا شکوہ ہے کہ انہیں لیول پلیینگ فیلڈ نہیں مل رہی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ اگر کیسز میں ملوث ہیں تو کیسز جلد ٹرائل ہونے چاہئیں۔ فیصلہ عدالتوں سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کسی جماعت سے کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کر رہی۔ ق لیگ، آئی پی پی، ایم کیو ایم سے ایڈجسٹمنٹ کیسے ہوتی ہے یہ بتانے کی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے راہنما ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔