سٹاک مارکیٹ 1146.6 پوائنٹس گر گئی، پونے 2 کھرب کا نقصان
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ بدھ کو 67 ہزار پوائنٹس کی بلند سطح کو چھونے کے بعد مندی کا شکار ہو گئی‘ جس کی وجہ سے مارکیٹ66ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گئی‘ کاروباری مندی سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب 75ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس کی وجہ سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 95کھرب روپے سے گھٹ کر93کھرب روپے کی کم سطح پر آگیا جبکہ 73.78 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ابتدائی سیشن کے دوران تیزی رونما ہوئی تاہم یہ تیزی کاروبار ی وقت کے گذرتے ہی عارضی ثابت ہوئی۔ سرمایہ کاروں نے منافع کی خاطر پرافٹ ٹیکنگ کو ترجیح دی جس نے مارکیٹ کا تنزلی سے دوچار کردیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 1146.62پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 66426.78 پوائنٹس سے گھٹ کر 65280.16پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 365.28پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 22154.73 پوائنٹس سے کم ہو کر 21789.45 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 44092.74 پوائنٹس سے کم ہو کر 432709.65 پوائنٹس پر آگیا۔ دوسری طرف ہزار روپے کی کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 12ہزار 600روپے ہو گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز 858روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 82ہزار 270روپے ہو گئی۔ ادھر فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں 17 پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر 283.78روپے سے گھٹ کر 283.61 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 25پیسے کی کمی سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 284.75 روپے سے کم ہو کر 284.50روپے پر آ گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 50پیسے کی کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد یورو کی قدر308روپے سے کم ہو کر307.50روپے ہو گئی۔ اسی طرح 1.50روپے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر360روپے سے گھٹ کر 358.50روپے پر آ گئی۔