• news

سیالکوٹ کا دورہ، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی اجازت نہیں دینگے: محسن نقوی

لاہور+سیالکوٹ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی +نمائندہ نوائے وقت ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی گزشتہ روز سیالکوٹ پہنچے جہاں انہوں نے گورنمنٹ سردار بیگم سول ہسپتال سیالکوٹ اور علامہ اقبال میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ گورنمنٹ سردار بیگم ہسپتال میں طبی سہولتوں کا فقدان تھا، بیڈز خراب اور دیواریں سیم زدہ تھیں۔ سیوریج کے گندے پانی کی بدبو آرہی تھی اور کلاس رومز کی ناگفتہ حالات تھی۔ مریضوں کے تیماردار فرش پر بیٹھنے پر مجبور تھے جبکہ چھتوں کا پلستر بھی اکھڑا ہوا تھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ناراضگی کا اظہار کیا اور ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور ری ڈیزائن کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر 21 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ بعدازاں وزیراعلیٰٖ پنجاب محسن نقوی نے علامہ اقبال میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا اور ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا 65 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علامہ اقبال میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ 70کروڑ روپے کی لاگت سے ہسپتال بالکل برانڈ نیو ہو جائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ائیر پورٹ چوک سے آنے والی روڈ کو 1.6ارب سے اپ گریڈ کریں گے، روڈ پر 10جنوری سے کام شروع ہو جائے گا۔ پکی گلی سے ائیرپورٹ چوک تک سڑک کو مکمل کر لیا گیا ہے جو کہ سیالکو ٹ کیلئے اہم روڈ ہے۔ سٹی پیکج کے تحت سیالکوٹ شہر کی 6سڑکوں پر ایک ارب روپے کی لاگت سے کام ہورہا ہے۔ چھوٹے چھوٹے اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ سے بہت مثبت اثرات پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کسی غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی اجازت نہیں دیں گے۔ محسن نقوی نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ شہر کے بعض علاقوں میں مین ہولز کے ڈھکن غائب تھے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کھلے مین ہولزکا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واسا سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کھلے مین ہولز فوری طور پر کور کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ریٹائر ہونے والے صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاد احمدنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سرکاری فرائض کی ادائیگی کے حوالے سے ارشاد احمد کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر مزید کارروائی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن