پی ٹی آئی پارٹی انتخابات آئین سے متصادم، وضاحت کا ایک موقع اور دیتے ہیں: الیکشن کمشن
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پر سوالات اٹھا دیئے اور وضاحت کا ایک اورموقع دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ الیکشن کمیشن پاکستان نے اس معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی وضاحتیں ناکافی قرار دے دیں۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے 8 دسمبر کو اپنا جواب الیکشن کمیشن میں جمع کروایا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات بادی النظر میں پارٹی آئین سے متصادم ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے وضاحت کیلئے تحریک انصاف کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع نے بتایاکہ الیکشن کمیشن نے وضا حت کا ایک اور موقع دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کو 18دسمبر کو طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن نے نیاز اللہ نیازی کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس سے متعلق نوٹس بھی ارسال کردیا ہے، جس میں انہیں 18 دسمبر دن 10 بجے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین رولز 2020ء اور الیکشن ایکٹ 2017ء سے بظاہرمطابقت نہیں رکھتے، الیکشن رولز 2017ء کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد میں تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ہی کمیشن سرٹیفیکیٹ جاری کرتا ہے۔