پاکستان خواتین کیلئے محفوظ نہیں لگتا چھوڑنے کا ارادہ ہے: اداکارہ عائشہ عمر
کراچی (نیٹ نیوز) پاکستان کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ وہ پاکستان چھوڑنے کا ارادہ کر رہی ہیں کیونکہ انہیں یہ ملک خواتین کے لیے محفوظ نہیں لگتا۔ یوٹیوب پوڈکاسٹ میں اداکارہ نے پاکستان میں خواتین کو پیش آنے والے مسائل سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے کہا میرا سب سے بڑا مسئلہ اس ملک میں یہ ہے کہ میں یہاں خود کو محفوظ نہیں سمجھتی، چاہتی ہوں سڑک پر چل سکوں، چہل قدمی کر سکوں، یہ ہر کسی کی بنیادی ضرورت ہے کہ کھلی ہوا میں واک کی جائے۔ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے، مجھے گاڑی میں نہیں بیٹھنا سائیکل چلانی ہے، سڑک پر میں کیوں نہیں چلا سکتی؟۔ یہاں تک کہ پوش علاقوں میں بھی خواتین ایسے نہیں نکل سکتیں، صرف کووڈ 19 کا وقت تھا جب ہم سڑک پر چہل قدمی کیا کرتے تھے اور سائیکل چلاتے تھے۔ پاکستان میں خواتین لڑکوں کی وجہ سے پارک نہیں جاسکتیں، کچھ لڑکے آوازیں کسنا شروع ہو جاتے ہیں۔