• news

بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ‘ فلسطین میں انسانی المیے پر آواز اٹھانی چاہئے: گورنر پنجاب

لاہور (لیڈی رپورٹر) فلسطین میں امن کے موضوع پر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ بھارت معاشی فوائد کے لیے فلسطین جنگ میں اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کر چکا ہے، فلسطین میں گریٹ ہیومن ٹریجیڈی پر ہمیں بار بار آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اہل یورپ بظاہر انسانی حقوق کے علمبردار ہیں، فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کے راستے روک کر ان کی زندگیوں کو تنگ کر دیا گیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کی جانب سے اسلحہ حوالے کرنے کا اقدام قابل مذمت ہے۔ فلسطینی خواتین اور بچوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کر دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ براہ راست جنگیں رکوانے کی طاقت نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان سے فلسطینیوں کے لیے بھاری امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو وطن کے دفاع کے لیے عظیم قرار دیا۔  گورنر پنجاب نے طالبات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا درخشاں مستقبل ہیں اور انہیں یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس جیسی عظیم و تاریخی درس گاہ میں زیر تعلیم ہونے پر فخر ہونا چاہیے۔  گورنر پنجاب نے یونیورسٹی میں بہتری کے لیے وائس چانسلر کے اقدامات کی تعریف کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے کہا کہ  فلسطین مقدس جگہ ہے اور دنیا کے تینوں بڑے مذاہب کے لیے  اسے مقدس جگہ کی حیثیت حاصل ہے لیکن اس مقدس سرزمین پر صرف مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان فلسطینیوں کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں اور بین الاقوامی سطح پر ان کے لیے موثر طریقے سے آواز بلند کریں۔

ای پیپر-دی نیشن