• news

جامعات کے مسائل صرف وفاق کی فنڈنگ سے حل نہیں ہو سکتے : چیئرمین ایچ ای سی

اسلام آباد (انٹرویو: رانا فرحان اسلم) چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ جامعات کے مسائل صرف وفاق کی فنڈنگ سے حل نہیں ہو سکتے۔ صوبائی حکومتوں کو یونیورسٹیوں کے مالی مسائل کے حل کیلئے فنڈنگ کرنا ہوگی، کوالٹی ایجوکیشن پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا جو یونیورسٹی معیاری تعلیم کی فراہمی میں ناکام ہوگی اس کے پروگرامزبند کر دیئے جائیں گے۔ پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کی معیاری تعلیم فراہم کرنے والی یونیورسٹیوں کے بیرون ممالک میں ضرور کیمپس ہونے چاہئیں، اس کیلئے ایک طریقہ کار بنایا جا رہا ہے اور جو یونیورسٹی اس پر پورا اترے گی اسے ہی بیرون ملک کیمپس کھولنے کی اجازت ملے گی۔ ایفیلیشن پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے وائس چانسلر ز اجلاس بلا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مختار احمد نے روزنامہ نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بطور چیئرمین ایچ ای سی چارج سنبھالنے کے بعد ایچ ای سی کے اندرونی مسائل کو حل کیا اور سسٹم کو مضبوط بنایا اور اعلی تعلیمی کے فروغ ، معیاری تعلیم کی فراہمی، یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن