مقبوضہ کشمیر: عالمی برادری خون ریزی، بند، تنازعہ کے پائیدار حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے: حریت کانفرنس
سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں خونریزی بند کرانے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اورپائیدار حل کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے آزادی پسند اور امن پسند عوام بالخصوص نوجوان نسل پر ڈھائے جانے والے مظالم سے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہوگیاہے اورعام لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔حریت ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وحشیانہ کارروائیوں اورقابض فورسز اوربدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں بشمول این آئی اے اور ایس آئی اے کی طرف سے شدیدسردموسم میں گھروں پر چھاپوں اور نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں کے دوران لوگوںکو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کی شدیدمذمت کی ۔ انہوں نے اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے کشمیریوں کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے نوجوانوں سمیت بے گناہ کشمیریوں کو جھوٹے الزامات میں گرفتار کر کے انکی جائیدادیں ضبط کررہی ہے ۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔