وزیر آباد: بہتر مستقبل کیلئے اٹلی جانے والے 2 نوجوان لیبیا میں سردی سے جاں بحق
وزیر آباد (نامہ نگار) بہتر مستقبل کے سہانے خواب لئے اٹلی جانیوالے دو نوجوان لیبیا میں جاں بحق۔ وزیر آباد کے علاقہ رنیکے چیمہ کا رہائشی حافظ حارث انسانی سمگلروں کی جانب سے بہتر مستقبل کے خواب دکھانے اٹلی کے لیے عازم سفر ہوا اور راستے میں لبیا کے سیف ہائوس میں بے رحم سردی سے ٹھٹھر ٹھٹھر کر چل بسا۔ دوسری جانب کچھ روز قبل گجرات کے رہائشی نوجوان سفیان کے بھی لیبیا کے سیف ہاؤس میں نمونیا کا شکار ہو کر جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں نوجوانوں کو لیبیا کے شہر صبہا میں سپرد خاک بھی کر دیا گیا۔ متاثرہ خاندان سے معلوم ہوا درجنوں نوجوان آج بھی لیبیا کے شہر صبہا میں اٹلی پہنچنے کے لیے موجود ہیں جنہیں انسانی سمگلر جنوری کے پہلے ہفتہ میں لبیا کے شہر صبہا کے ساحل سے ڈنکی لگوائیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ نوجوانوں نے انسانی سمگلرز کو فی کس 35 لاکھ روپے اٹلی پہنچنے کے لیے طے کر رکھے ہیں۔ حافظ حارث متوسط طبقہ کے گھر کا فرد تھا، غریب والدین 35 لاکھ روپے اور بیٹا بھی گنوا بیٹھے۔ عوامی سماجی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی سمگلروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔