حافظ آباد: نجی ہسپتال کی نرس مبینہ زہریلی گولی کھلانے سے جاں بحق، ورثاء کا احتجاج
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) حافظ آباد میں پرائیویٹ ہسپتال کی نرس مبینہ طور پر زہریلی گولی کھلائے جانے سے جاں بحق ہوگئی جس پر پولیس تھانہ سٹی نے ہسپتال کے ڈاکٹر امجد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ زینب بی بی سیم نالہ پر واقع ڈاکٹر امجد کے نجی ہسپتال میں ملازمہ تھی اسے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تشویشناک حالت میں لایا گیا جہاں اس نے وڈیو بیان ریکارڈ کرواتے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر امجد نے اسے تنخواہ واپس نہ کرنے پر زہریلی گولی کھلائی جس سے اس کی حالت بگڑ گئی، اس بیان کے بعد زینب کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ہسپتال ریفر کر دیا گیا جہاں وہ گزشتہ رات جاں بحق ہوگئی، جس کے بعد ورثاء نے آج یہاں ڈی ایچ کیو میں اس کی نعش کو رکھ کر نجی ہسپتال کے مالک ڈاکٹر امجد کے خلاف احتجاجی مظاھرہ کیا اور اس کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ میں ملوث نہ ہے اور اس کے خلاف لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے۔