امن و امان کی صورتحال کے باعث انتخابات میں تاخیر نہیں ہو گی،فواد حسن فواد
اسلام آباد (این این آئی)نگراں وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتِ حال کے باعث انتخابات میں تاخیر نہیں ہو گی۔امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے ملتوی ہونے کی قیاس آرائیاں درست نہیں، کوئی ایسا ابہام نہیں کہ انتخابات 8 فروری کو نہیں ہوں گے۔فواد حسن فواد نے کہا کہ آئین و قانون کو دیکھتے ہوئے انتخابات میں تاخیر کی گنجائش نہیں، مولانا فضل الرحمن اپنے خدشات پر سپریم کورٹ یا الیکشن کمیشن جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاڈلے اور لیول پلیئنگ فیلڈ کے بیانات سیاسی بیانیہ ہیں، نگراں حکومت غیر جانبداری سے امور انجام دے رہی ہے، سیاسی جماعتیں الزامات کے بجائے انتخابی منشور پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لاڈلے ہونے کے بیانات بھی سیاسی بیانیہ ہیں، نواز شریف کے ساتھ سرکاری حیثیت میں کام کرنے سے وابستگی رہی ہے، ان کے سیاسی ایجنڈے سے اتفاق نہیں کرتا۔نگراں وزیر نے کہا کہ افغان شہریوں کی واپسی پر نظرِ ثانی نہیں کی جا رہی، پوری کوشش ہے کہ پی آئی اے کی نج کاری کر کے جائیں۔