• news

فواد جیل سے الیکشن لڑیں گے‘ فیصل چودھری کو عدالت لیکر جاؤں گی: حبا فواد

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے فواد کے بھائی فیصل چوہدری کے رویے پر عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ جیل کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حبا فواد نے کہا کہ آج بھی بہت چل کر اندر جانا پڑا، آئی جی جیل خانہ جات کو ان مسائل کو بھی دیکھنا پڑے گا۔ حبا فواد نے فواد چوہدری کے بھائی وکیل فیصل چوہدری کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ فواد کی موجودگی میں فیصل کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، فیصل چوہدری کے رویے پر انہیں عدالت لے کر جاؤں گی۔ انہوں نے بتایا کہ فواد چوہدری کے ٹکٹ پر کوئی اور الیکشن نہیں لڑے گا، فواد چوہدری جیل سے الیکشن لڑیں گے اور میں خود کل سے مہم چلاؤں گی۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے لیے الیکشن کمیشن کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن