• news

ادارے ذمہ داری پوری کریں، محنت کش کا حق ادا کرنے کیلئے تمام اقدمات کرینگے: محسن نقوی

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ  محسن نقوی نے پنجاب میں کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کم از کم اجرت کی ادائیگی نہ کرنے والے آجروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی اور پنجاب بھر سے اجرت کی ادائیگیوں پر مفصل رپورٹ طلب کر لی۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انڈسٹری اور دیگر ادارے کم ازکم اجرت ادا کرنے کی ذمہ داری پوری کریں۔ کم از کم اجرت پر عملدرآمد نہ ہونا انتہائی افسوسناک امر ہے۔ حکومت مزدور اور محنت کش کو اس کا حق ادا کرنے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرے گی۔ جبکہ محسن نقوی سے وزیراعلی آفس میں فلپائن کی سفیر ماریا اگنیس ایم سروینٹس نے ملاقات کی جس میں نرسنگ، فارماسوٹیکل اور میڈیکل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب پولیس اور فلپائن کی پولیس کے درمیان پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب اور فلپائن کے درمیان نرسنگ ٹریننگ کے لئے ایم او یو کا اصولی فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت فلپائن پنجاب سے ایک ہزار طالبات کو نرسنگ ٹریننگ دے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلپائنی اور پنجاب کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کیلئے باہمی داخلوں کی تجویز پر فلپائنی سفیر کے ساتھ اتفاق کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ کرونا کے دوران دنیا بھر میں فلپائن کی نرسنگ کی پیشہ ورانہ مہارات کو سراہا گیا۔ پاکستان میں 3 ہزار فلپائنی اور لاہور میں 700سے زائد فلپائنی سروسز فراہم کررہے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب میں نرسنگ کے شعبہ میں فلپائن کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ نرسنگ طالبات کی تعداد دوگنا کرنے کے باوجود پنجاب میں ضرورت برقرار ہے۔ دوسری جانب  محسن نقوی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی اور پنجاب میں گرین ہائیڈورجن پراجیکٹ کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں متبادل انرجی کے طورپر گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ مستقبل میں متبادل انرجی کے طورپر ہائیڈروجن کا استعمال ناگزیر ہے۔ گرین ہائیڈروجن ماحول دوست اور بہترین متبادل انرجی ہے۔ سیکرٹری انرجی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور گرے، بلو اور گرین ہائیڈروجن انرجی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے واٹر کو الیکٹرولائز کر کے آکسیجن اور ہائیڈورجن کو الگ کیا جاتا ہے۔ پنجاب میں گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ سے 38ملین ڈالر زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔ 8سے 10ہزار افراد کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب میں پہلے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کیلئے لینڈ اور واٹر سپلائی مہیا کی جائے گی۔ قبل ازیں  محسن نقوی کی زیر صدارت محکمہ سیاحت سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں 19ویں چولستان ڈیزٹ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بہاولپور میں 7روزہ ساؤتھ پنجاب میلے کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے اجلاس کے دوران چولستان میں ٹینٹ ہوٹل لگانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا اور ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کو ٹینٹ خریدنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے چولستان ڈیزٹ ریلی کے دوران ٹریفک کے بہترین اقدامات کا حکم دیا۔ صوبائی سیکرٹری سیاحت راجہ جہانگیر انور نے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور کی والدہ قضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی والدہ کے انتقال کے باعث وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا دورہ بہاولپور منسوخ کر دیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ دورے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ بعد ازاں  محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے دوبارہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے مدت دو ہفتے کرنے کے اقدامات کی ہدایت کی اور لائسنس کی تجدید کیلئے تاخیر کی شکایات پر ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ نوجوان کی طرف سے سردی کی نشاندہی پر خدمت مرکز کے باہر انتظار کیلئے کنوپی اور انگیٹھی لگانے کی ہدایت کی۔  شہری کے 24 سال سے بلا لائسنس گاڑی چلانے کے جواب پر وزیراعلیٰ محسن نقوی مسکرا کر چل دیئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 25 دسمبر سے خدمت سنٹر کا وزٹ کرنے والے شہری پیشگی ٹائم لے سکیں گے۔ لائسنس اور لرنر کی ایپلی کیشن اینڈرائڈ اور ایپل پر جلد انسٹال کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن