پاکستانی معیشت بحالی محدود، بلند مہنگائی سے قوت خرید متاثر ہوئی: ایشیائی ترقیاتی بنک
کراچی(کامرس رپورٹر) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی بحالی اب بھی زیادہ اعتماد نہ ہونے کے سبب محدود ہے، جبکہ بلند مہنگائی کے سبب آبادی کی قوت خرید شدید متاثر ہوئی ہے۔ اے ڈی بی ایشین ڈیولپمنٹ آوٹ لک رپورٹ میں بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے چیف اکانومسٹ الربٹ پارک نے بتایا کہ عالمی سطح پر چیلنجز کے باوجود ترقی پذیر معیشتوں کے بڑھنے کی رفتار مضبوط ہے، خطے میں مہنگائی بھی بتدریج قابو میں آرہی ہے۔خطے میں مہنگائی کا آو ٹ لک پہلے کی گئی 3.6 فیصد کی پیش گوئی کے مقابلے میں کم ہو کر 3.5 فیصد پر آگیا ہے، جبکہ اگلے سال مہنگائی بڑھ کر 3.6 فیصد ہونے کی توقع ہے۔اسی طرح جنوب مشرقی ایشیا میں رواں برس معاشی نمو 4.6 فیصد سے کم ہو کر 4.3 فیصد رہنے کی توقع ہے، جس کی وجہ برآمدات کی کمزور طلب ہے۔ امریکا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں مسلسل زیادہ شرح سود کی وجہ سے خطے کی کمزور بالخصوص زیادہ مقروض معیشتوں میں مالیاتی عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے جنوبی ایشیا میں 2023 میں معاشی شرح نمو بڑھنے کی رفتار بڑھا کر 5.7 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی ہے، جس کی بنیادی وجہ بھارت میں جولائی تا ستمبر کے دوران توقع سے زیادہ شرح نمو ہے۔بنگلہ دیش اور مالدیپ میں شرح نمو میں کمی کی پیشگوئی کے باوجود جنوبی ایشیا میں معیشتوں کے بڑھنے کی رفتار 6 فیصد رہنے کی توقع برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک بشمول پاکستان میں شرح نمو بڑھنے کی رفتار کی توقع برقرار رکھی گئی ہے۔