سائفر کی طرح پی ٹی آئی عام انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کر رہی ہے: شہباز شریف
لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں 8 فروری کے انتخابات کو ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے،پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،الیکشن کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ سائفر کی طرح پی ٹی آئی 8 فروری کے عام انتخابات کے خلاف سازش کر رہی ہے ،پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری اور منافقانہ پالیسی پر کاربند ہے ، پی ٹی آئی 8 فروری سے فرار کی راہیں تلاش کررہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی میڈیا میں الیکشن جلد کرانے کے مطالبے کرتی ہے جبکہ عملی طورپر عدالتوں میں تاخیر کی پٹیشنز کرتی ہے، 2018ء کے انتخابات میں بھی بیوروکریسی نے ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمہ داری نبھائی تھی ، 2018ء میں بیورکروکریسی کے ڈی آر اوز کا فرض نبھانے پر پی ٹی آئی نے اعتراض نہیں کیا ،ڈی آراوز کے خلاف پٹیشن لے کر پی ٹی آئی لاہور ہائیکورٹ گئی ،8فروری 2024ء کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ سائفر میں عوام میں کچھ کہا،تحقیقات میں کچھ کہا، پی ٹی آئی یہی منفاقت الیکشن کے حوالے سے بھی اپنائے ہوئے ہے ،آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی سازش کی تھی ،پی ٹی آئی ملک میں آئینی بحران پیداکرکے سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے،پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ ملک معاشی طورپر مضبوط ہو، عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔