• news

مہنگائی میں معمولی کمی، چینی کی قیمت میں 10روپے کلو اضافہ، 19اشیاء مزید مہنگی: ادارہ شماریات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی واقع ہونے کے باوجود 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ بتایا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.06فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح ابھی بھی 43.16 فیصد کی ریکارڈ سطع پر برقرار ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 10 کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران چینی، دالیں، انڈے سمیت کئی اشیاء  مہنگی ہوئیں، چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے سے بڑھ کر 143 روپے 43 پیسے ہوگئی ہے۔ انڈے فی درجن 8 روپے 3 پیسے ، دال مونگ 3 روپے 36 پیسے فی کلو ، پیاز فی کلو 1 روپے 95 پیسے مہنگے ہوئے۔ اسی طرح گندم کا آٹا، جلانے کی لکڑی اور بیف کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن