ٹانک: چوکی پر حملہ ناکام، جھڑپ، خودکش بمبار سمیت 5دہشت گرد ہلاک، 3اہلکار شہید
پشاور؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ نمائندہ خصوصی+ خبر نگار خصوصی) خیبر پی کے کے 2 اضلاع میں دہشتگردوں کے حملوں میں 5 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ ضلع خیبر میں دہشتگردوں نے باڑہ کے نالہ جوائنٹ پوسٹ پر حملہ کر دیا جس دوران دہشتگردوں نے دستی بم سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال انتظامیہ کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 7 زخمی اہلکار ایچ ایم سی لائے گئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے، زخمیوں کو نیورو سرجری، سرجیکل اور آرتھو پیڈک واڈز میں داخل کیا گیا۔ دوسری جانب ٹانک میں بھی دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا جہاں دہشتگردوں نے ڈیرہ روڈ پر واقع پولیس لائن پر حملہ کیا۔ سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ٹانک، خیبرپختونخوا میں پولیس لائنز پر خودکش دھماکے اور ضلع خیبر میں پولیس اور فرنٹیئر کور کی جوائنٹ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی افسوسناک اطلاع پر شدید دکھ ہوا، ہم دہشتگردی کے ان واقعات کی بھرپور مذمت اور شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پولیس، ایف سی، اور پاک افواج کے جوان اور افسران اپنی جانوں پر کھیل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چئیر مین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹانک اور خیبر میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری اور چئیر مین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹانک اور خیبر میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔