اسلام آباد ہائیکورٹ کا این اے 122 ، حلقہ بندی کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس
اسلام آباد (آئی این پی+وقائع نگار ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 122 لاہور کی حلقہ بندی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے شہری کرامت علی کی درخواست پر سماعت کی اور الیکشن کمیشن سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آئندہ سماعت تک جواب آنے دیں پھر اس معاملے کو دیکھتے ہیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا تو فی الحال امکان دکھائی نہیں دے رہا۔ بعدازاں کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 35 کوہاٹ اور این 36 ہنگو اورکزئی کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دے دیں۔چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نیمحفوظ شدہ فیصلہ سنایا،اپنے فیصلہ میں عدالت نے الیکشن کمیشن کو تمام فریقین کو دوبارہ سن کر از سر نو حلقہ بندی کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ الیکشن کمیشن درخواست گزار کا موقف سن کر ٹھوس فیصلہ کرے،بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے موقف اختیار کیا تھا کہ قانون کے مطابق تمام حلقوں کی آبادی برابر ہونی چاہیے،درخواست گزار کا موقف تھا کہ مثال کے طور پر کوہاٹ کے حلقے کی آبادی ہنگو کے حلقے سے تین لاکھ زائد ہے،درخواست گزار کا موقف تھا کہ الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں سے علاقے کے عوام کا حق رائے دہی مجروح ہوتا ہے۔