2صحافی، 38فلسطینی شہید: اسرائیل نے اپنے 3یرغمالی ہار ڈالے، واقعہ کیخلاف مظاہرے
غزہ‘ نیویارک‘ دوحہ (آئی این پی + این این آئی) خان یونس اور رفاہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں2 صحافیوں سمیت مزید 40 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ صہیونی فوج کی فائرنگ سے ان کے اپنے ہی3 شہری مارے گئے ہیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رفاہ میں رہائشی عمارت پر طیاروں کی بے رحمانہ بمباری کے نتیجے میں4 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی اور15 لاپتا ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے شہید خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر کے گھر کو نشانہ بنایا گیا، جنہوں نے کئی بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دی ہوئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے رفاہ میں ابو ضبعہ اور عاشور خاندانوں کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں25 افراد شہید ہوئے۔ جبالیہ کیمپ پر حملہ میں 14 شہید ہوئے۔ ادھر خان یونس میں حملے کے نتیجے میں فرحانہ سکول میں ریسکیو کے عمل میں مصروف3 سول ڈیفنس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق خان یونس میں ہی الجزیرہ ٹی وی کے کیمرا مین سمیت 2 صحافی شہید ہوئے۔ الجزیرہ کے کیمرا مین سمر ابو داقہ اور فلسطینی نیوز پریس ایجنسی کے رامے بدیر کو کوریج کے دوران براہ راست ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ الجزیرہ کے بیورو چیف زخمی ہو گئے۔ خاندان کے افراد پہلے ہی شہید ہو چکے ہیں۔ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے کارلوس مارٹینس ڈی لا سرنا نے صحافیوں کے قتل میں ملوث قوت کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے آزاد اور خود مختار بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حماس کی قید میں موجود3 یرغمالی مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں2 اسرائیلی فوجی اور ایک شہری شامل ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی پر مذاکرات‘ سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ حماس سے جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا۔ تعداد 116 ہو گئی۔ فلسطینی شہداء 18 ہزار 900‘ زخمیوں کی تعداد 55 ہزار سے بڑھ گئی۔ غزہ پر ایٹم بم گرانے کا بیان دینے والے اسرائیل کے ثقافتی ورثہ کے وزیر امیحائی یاہو نے پھر ہرزہ سرائی کرتے کہا غزہ پٹی کو روئے زمین پر نہیں رہنا چاہئے۔ اسرائیل کو قبضہ کر کے دوبارہ وہاں بستیاں قائم کرنا ہونگی۔ سعودی وزیر خارجہ نے اوسلو میں گفتگو کرتے کہا فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔ امریکی شہریوں نے ریتیان اسلحہ ساز کمپنی کے سامنے اسرائیل کیخلاف مظاہرہ کیا۔ کفن پوش علامتی جنازے اٹھائے تھے۔ اقوامِ متحدہ میں چینی مستقل مندوب نے غزہ میں جنگ بندی کی یو این قرارداد پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کر دیا۔ مستقل مندوب ژانگ جن نے کہا کہ چین شہریوں کے خلاف ہونے والے تمام حملوں کی سختی سے مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔ غزہ معاملے پر انسانی حقوق، خواتین اور بچوں کے تحفظ کے خوبصورت سلوگنز کے نئے مطالب ہو جاتے ہیں۔ کچھ ممالک کو جنگ بندی جیسی بنیادی بات کڑوی گولی لگتی ہے۔ امریکی سلامتی کے مشیر نے ’’موساد‘‘ سربراہ سے ملاقات میں یرغمالیوں کی رہائی‘ اسرائیل کی دفاعی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔ یمن کے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں اسرائیل آنے والے بحری جہازوں پر حملے کئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ڈنمارک اور فرانس کی شپنگ کمپنیوں نے بحیرہ احمر میں اپنی سروسز معطل کر دیں۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی بحری جنگی جہاز نے حوثیوں کے 14 ڈرون مار گرائے۔ یمن کے حوثی باغیوں کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ گروپ نے دو بحری جہازوں پر میزائل حملہ کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان نے بتایاکہ ہم نے ایم ایس سی الانیا اور ایم ایس سی پلاٹیوم تھری کو نشانہ بنایا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل جانے والی دو کشتیوں کو نیول میزائلوں کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا غزہ کی پٹی فلسطینی ریاست کا اٹوٹ انگ ہے۔ اسرائیل کی جانب سے اسے الگ کرنے کے منصوبے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔اسرائیلی سفارتی عہدیدار نے قطر کے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی پر بات کی گئی ہے۔ مصر کا کہنا ہے کہ اسرائیل حماس کے ساتھ نئے معاہدے کیلئے راضی نظر آ رہا ہے۔