شیخ نواف الصباح انتقال کر گئے، ولی عہد شیخ مشعل کے امیر کویت مقرر
کویت سٹی +اسلام آباد(نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) کویت کے امیر شیخ نواف ال احمد الصباح 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کویت کے نئے امیر مقرر ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق حکومت کویت کی جانب سے ٹیلی ویژن پر بیان میں کہا گیا ہے انتہائی افسوس اور دکھ کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ کویت کے امیر کو 2 ہفتے قبل شدید علالت باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا گیا تھا۔ بیماری کی وضاحت نہیں کی گئی۔ کویتی امیر نے شیخ نواب الاحمد الصباح کے انتقال پر 40 روزہ قومی لوگ کا اعلان کیا ہے۔ کویت میں سرکاری ادارے تین روز تک بند رہیں گے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ‘ آصف زرداری نے امیر کویت کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ اپنے بیانات میں کہا کہ امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر گہرا صدمہ ہوا۔ عالم اسلام امت اسلامیہ کے ایک عظیم رہنما اور مضبوط حامی سے محروم ہو گیا۔ شاہی خاندان اور کویت کے لوگوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین