حکم واضح تھا کوئی جمہوری عمل میں خلل نہیں ڈالے گا، ہائیکورٹ نے انتخابی عمل ڈی ریل کیا: سپریم کورٹ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے عام انتخابات کیس کا 6 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بیرسٹر عمیر نیازی کو نوٹس جاری کرکے وضاحت مانگ لی۔عدالت نے قرار دیا کیوں نہ آپ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، تحریری حکمنامے میں مزید کہا گیا سپریم کورٹ کا حکم واضح تھا کہ کوئی بھی جمہوری عمل میں خلل نہیں ڈالے گا، عمیر نیازی بظاہر جمہوری عمل ڈی ریل کرنے کی کوشش کے مرتکب ہوئے، ہائی کورٹ نے 2753 ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کا کام روک دیا۔ ،لاہور ہائی کورٹ نے بیک جنبش قلم انتخابی عمل کو ڈی ریل کر دیا، ڈی آر اوز اور آر اوز کو خاص طور پر انتخابات کیلئے تعینات نہیں کیا گیا، تعینات کیے گئے افسران پہلے سے ہی بطور انتظامی افسر فرائض انجام دے رہے ہیں، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے، عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کو درخواست پر مزید کارروائی سے بھی روک دیا،الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ پانچویں ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے درخواست کی گئی کہ جوڈیشل افسران فراہم کریں، بتایا گیاکسی بھی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے جوڈیشل افسران فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر نہیں کی،لاہور ہائیکورٹ کا حکمنامہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری اور انتخابات کے انعقاد کے آئینی حق میں رکاوٹ ہے، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست گزار عمیر نیازی کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔