• news

باغبانپورہ: طلاق کی رنجش پر مہندی میں فائرنگ ، سابق بیوی، سالی، سسر، سالا قتل

لاہور(نامہ نگار)باغبانپورہ میں ایک شخص نے مہندی کی تقریب سے واپس جانیوالی اپنی سابق بیوی کی کار سوار فیملی پر اندھا دھندفائرنگ کردی۔فائرنگ سے 4 افراد ملزم کی سابق بیوی ،سالی، سسر اور سالا  قتل  جبکہ ملزم کی کمسن بیٹی،سالی اور ایک خاتون زخمی ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی نجی سوسائٹی ایڈن گارڈن کا رہائشی محبوب فیملی کی ہمراہ اپنے بھتیجے کی مہندی کی تقریب میں شرکت کے لئے لاہور باغبانپورہ کے علاقے سلامت پورہ میں ایک شادی ہال میں آیا۔مہندی کی تقریب کے اختتام پر وہ واپس گھر جانے کے لئے کار میں سوار ہوئے تو وہاں اس کی طلاق یافتہ بیٹی، دوبچیوں کی ماں کرن کا سابق خاوند وسیم مسلح ہو کرآیا۔ملزم وسیم نے فائرنگ کر کے اپنی سابق بیوی کرن سالی طیبہ، سسر محبوب اور اپنے سالے عبداللہ کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ملزم کی 5 سالہ بیٹی مناہل،سابق سالی تاج بی بی اور فرح زخمی ہوگئی۔ ملزم موقع سے فرار ہوگیا ہے پولیس کے مطابق مقتولہ کرن کی دو سال پہلے ملزم وسیم سلمان سے طلاق ہوگئی تھی۔ملزم وسیم سلمان نے طلاق لینے کی رنجش پر اپنی بیوی کرن اور اس کی فیملی کو قتل کیا۔پولیس نے تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ اویس شفیق سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن