• news

مسئلہ کشمیر، فلسطین کے حل تک امن ممکن نہیں: آرمی چیف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی غزہ میں بڑے انسانی بحران کا سامنا کرنے والے معصوم اور نہتے فلسطینیوں کی حالت زار پر تشویش کا اعتراف کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کا دور ہ کرنے پرارمی چیف کا شکریہ بھی ادا کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے آرمی چیف کے دورے کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کے تعاون کو سراہا جو دنیا کے امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ نے اقوام متحدہ کی تمام سنجیدہ کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کی۔ انہوں نے اپنی گفتگوکے دوران خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری تنازعات پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اس وقت تک ناممکن رہے گا جب تک کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل تلاش نہیں کیا جاتا۔آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدامات کی بھی مذمت کی کیونکہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ جنرل سید عاصم منیر نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جاری مظالم فوری روکنے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرے، تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ اس مسئلے کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں مضمر ہے۔انہوں نے خاص طور پر ان معصوم شہریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جنہیں بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔اور انہیں خاطر خواہ انسانی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ارمی چیف کی تشویش کا اعتراف کیا اور ا?رمی چیف جنرل عاصم منیرکے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن