امارات کے تعاون سے لاہور میں ملکی تاریخ کی پہلی مصنوعی بارش، ہمارا ایک روپیہ نہیں لگا: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی محنت رنگ لائی، ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور میں مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ 15 روز سے مصنوعی بارش کے لئے کوشش کر رہے تھے۔ آج (ہفتہ کو) الحمد اللہ پاکستان میں پہلی مصنوعی بارش ہو چکی ہے۔ پہلے مشن میں صبح کلاؤڈ سیڈنگ کے لئے 48 فائر کیے ہیں۔ مصنوعی بارش برسانے کا دوسرا مشن کچھ دیر بعد شروع کیا گیا۔ شاہدرہ اور مریدکے اطراف بارش ہوئی ہے کیونکہ وہاں مطلوبہ بادل اور ہوا موجود تھی۔ الحمدللہ مصنوعی بارش برسانے میں ہمارا ایک روپیہ بھی نہیں لگا۔ امارات کے شکرگزار ہیں کہ ان کی پوری ٹیم پچھلے 15روز سے مصنوعی بارش برسانے کے لئے پاکستان میں بیٹھی ہے۔ جیسے ہی ہمیں تھوڑے سے بادل نظر آئے، ہم نے مشن شروع کر دیا۔ مصنوعی بارش کا تجربہ کرنا کوئی آسان نہیں تھا، امارات کے صدر کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت اور اداروں نے بھی بھرپور معاونت کی۔ واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی دونوں ہائی الرٹ ہے۔ مصنوعی بارش برسانے کے دوسرے مشن کا رزلٹ کا نتیجہ اگلی رات تک واضح ہو گا۔ انشاء اللہ آنے والے وقت میں مصنوعی بارش کے حوالے سے مزید کامیابی حاصل ہو گی۔ امارات میں ہر سال متعدد بار مصنوعی بارش کا انتظام کیا جاتا ہے۔ ہم نے لاہور کے 15کلومیٹر طول عرض پر مصنوعی بارش کی کامیاب مشق کی ہے۔ مصنوعی بارش برسانے کا مشن متحدہ عرب امارات کی طرف سے تحفہ ہے۔ امارات کی ٹیم اور جہاز کئی دنوں سے یہیں موجود ہے۔ مصنوعی بارش کا تجربہ آنے والے وقت میں سموگ کے لئے نہایت اہم ہے۔ سموگ تدارک کے لئے ٹاورز جلد نصب کر دیئے جائیں گے۔ سموگ کے تدارک کے لئے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم پالیسیز پر عمل پیرا ہیں۔ ہم مصنوعی بارش کی مہارت حاصل کرنے کے بعد دیگر صوبوں سے بھی شیئر کریں گے۔ مصنوعی بارش پر 35کروڑ روپے لگانے والی بات سراسر غلط بیانی ہے۔ سوائے پانی کے چھڑکاؤ کے حکومت پنجا ب نے کوئی خرچہ نہیں کیا۔ لوگوں کی زندگیاں بچانا اہم ہے، پیسہ بچانا نہیں۔ شہریوں کی زندگیاں بچانے کے لئے جتنا بھی پیسہ لگانا پڑا لگائیں گے۔ اگر مصنوعی بارش سے صحت خراب ہوتی تو دنیا میں کوئی ملک نہ کرتا۔ میرے سمیت سب کہتے تھے کہ فصلوں کی باقیات کی وجہ سے سموگ ہے۔ اب تو فصلوں کی باقیات نہیں ہے تو سموگ کیوں ہے۔ ہمیں سموگ پیدا کرنے والے عوامل کی سٹڈی کرنی پڑے گی۔ انشاء اللہ اگلی حکومت اچھی ریسرچ کے ساتھ سموگ کے تدارک کے کئے اچھے فیصلے کرے گی۔ الیکٹراک بائیک اور گاڑیوں کی پالیسی متعارف کروا رہے ہیں۔ میرا ذاتی خیال ہے کہ آہستہ آہستہ فیول والی گاڑیوں کی فروخت بند کر کے الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروائی جائیں۔ علاوہ ازیں مزار اقبال سے متصل شاعر مشرق سے منسوب تاریخی اشیاء کا میوزیم بنانے کیلئے وزیراعلیٰ نے منظوری دے دی۔ محسن نقوی نے کہاکہ شاعر مشرق سے منسوب میوزیم اقبال شناسی کا ذوق رکھنے والو ں کے لئے نعمت غیر مترقبہ ہے۔ نئی نسل میں اقبال فہمی کا شعور پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بادشاہی مسجد کے بیرونی احاطے میں علامہ اقبال سے منسوب میوزیم قائم کیا جائے گا۔ مختلف مقامات پر موجود علامہ اقبال کے زیر استعمال رہنے والی اشیاء ایک ہی جگہ ڈسپلے کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال، جنرل ہسپتال، خدمت مرکز اور بند روڈ کے دورے کیے۔ لگاتار ساڑھے چار گھنٹے زیر تکمیل پراجیکٹس اور سروسز کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے گردوں کی خرابی کی وجہ سے داخل ننھے ابو بکرسے اظہارشفقت کیا اور والدہ کو دلاسہ دیا۔ لبرٹی خدمت مرکز میں شہریوں سے صورتحال دریافت کی۔ دریافت کرنے پر متعدد شہریوں نے عرصہ دراز سے بلا لائسنس گاڑی چلانے کا اعتراف کیا۔ محسن نقوی نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 16دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا۔ قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔