پنجاب بھر میں مزید ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پولیس دفاتر سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں گزشتہ روز ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے جبکہ گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 17 لاکھ سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔ لرننگ،ریگولر ، تجدید اور انٹرنیشنل تمام لائسنس شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ نئے آن لائن سسٹم سے شہریوں کو خصوصی سہولت حاصل ہے اور شہری اپنے موبائل سے ہی اپنا لرننگ لائسنس حاصل کر رہے ہیں۔ نئے آن لائن سسٹم کے ذریعے شہری گھر بیٹھے صرف 60 روپے میں آن لائن سسٹم کے ذریعے لرنگ لائسنس کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ آن لائن کے علاوہ پنجاب پولیس کے تمام خدمت مراکز، پولیس سٹیشنز، پٹرولنگ پولیس، ٹریفک اینڈ ٹریننگ سنٹرز میں لرنر لائسنس بنوانے کی سہولت موجود ہے جہاں سے شہری جدید سسٹم کے تحت باآسانی اپنے لائسنس بنوا سکتے ہیں۔