• news

حامد سعید، احمد سعید کاظمی پی پی میں شامل، پی ٹی آئی سے اتحاد نہ کیا جائے: زرداری

کراچی‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ آصف زرداری نے گورنر ہاؤس میں گورنر کے پی کے غلام علی سے ملاقات کی جس میں پیپلز پارٹی کا وفد اور جے یو آئی (ف) کے رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے کے سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری پیپلز  پارٹی خیبرپی کے ملک محمد سعید نے بتایا کہ گزشتہ روز آصف زرداری سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انتخابات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سابق صدر نے پارٹی رہنماؤں کو پی ٹی آئی سے انتخابات میں اتحاد نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دیگر جماعتوں سے اتحاد کا فیصلہ صوبائی قیادت کرے گی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق بات بھی ہوئی۔ گزشتہ روز سابق صدر پشاور پہنچے تھے اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ان کا قیام گورنر ہاؤس پشاور میں ہے۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری سے معروف عالم دین اور سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے ملاقات کی۔ حامد سعید کاظمی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اخیتار کر لی۔ حامد سعید کاظمی اور احمد سعید کاظمی کی شمولیت کے موقع پر نیئر بخاری‘ مخدوم احمد محمود اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔ آصف زرداری نے حامد سعید کاظمی اور احمد سعید کاظمی کو دیگر رفقاء سمیت پی پی پی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری سے جمال رئیسانی نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر فرید رئیسانی بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری آج ایک روزہ دورے پر تربت پہنچیں گے۔ وہ تربت میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن