• news

دہشتگردی عالمی امن کیلئے خطرہ، ایران میں پولیس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: پاکستان

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان نے ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں راسک پولیس ہیڈ کوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ دہشت گردی کا دوطرفہ اور علاقائی تعاون سمیت ہر طرح سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ جمعہ15 دسمبر کو ایران کے جنوب مغربی علاقے راسک ٹائون میں مسلح افراد نے پولیس ہیڈکوارٹر پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے11 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملہ صوبہ سیستان بلوچستان میں سرگرم علیحدگی پسند گروپ نے کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن