• news

پرتھ ٹیسٹ: پاکستان ٹیم تینوں شعبوں میں ناکام، 89پر آئوٹ، آسٹریلیا 360رنز سے کامیاب

لاہور(سپورٹس رپورٹر ) آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دیکر سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، پرتھ میں کھیلے جانے والی پہلے میچ کی دوسری اننگز میں ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 89رنزپر آوٹ ہوگئی۔ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیئر کی۔ میچ میں پاکستان کی بائولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی ناکام رہیں جبکہ رہی سہی کسر خراب فیلڈنگ میں پوری کر دی۔میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کی جانب سے جیت کیلئے دیے گئے 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 89 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ سعود شکیل 24، بابر اعظم 14 اور امام الحق 10 رنز ہی بنا سکے جبکہ باقی 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ ٹور میچ میں ڈبل سنچری بنانیوالے کپتان شان مسعود پرتھ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے۔ مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں نیتھن لیون نے ٹیسٹ کرکٹ میں 500 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔آسٹریلیا نے چوتھے روز دوسری نا مکمل اننگز 2 وکٹوں پر 84 رنز کیساتھ کیا اور کھانے کے وقفے کے بعد 5 وکٹوں پر 233 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ اوپنر عثمان خواجہ 90 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، ان کی وکٹ شاہین شاہ نے حاصل کی۔مچل مارش دوسری اننگز میں 63 رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔سٹیون سمتھ اور ٹریوس ہیڈ بالترتیب 45 اور 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ خرم شہزاد نے تین جبکہ شاہین شاہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم 271 رنز پر آئوٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی تاہم میزبان آسٹریلیا نے فالو آن کے بجائے خود بیٹنگ کو ترجیح دی ۔ امام الحق 62 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ کپتان شان مسعود 30، عبداللہ شفیق 42 رنز کیساتھ دوسرے نمایاں بیٹرز رہے۔آسٹریلیا پہلی اننگ میں 487 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی۔ اپنے کیریئر کی آخری سیریز کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر نے 164 رنز کی اننگزکھیلی تھی۔قومی ٹیم 89 رنز ہی بنا سکی اور تمام ٹیم آوٹ ہوگئی۔ دوسری اننگز کے آغاز پر ہی اوپنر عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود 2,2 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ امام الحق10رنز بناسکے، بابر اعظم 14 ، سرفراز احمد 4 ، آغا سلمان اور فہیم اشرف 5،5 ، عامر جمال 4اور خرم شہزاد صفر پر آوٹ ہوئے۔ مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے تین تین جبکہ نیتھن لائن نے دو اور پیٹ کمنز نے ایک وکٹ لی۔مچل مارش کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن