• news

9مئی کو ریڈ لائن کراس ہوئی، بانی پی ٹی آئی اعمال کی معافی مانگیں: رانا ثنا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی گئی، بانی پی ٹی آئی اعمال کی معافی مانگیں۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق  حکومت کی وجہ سے ایک ارب ڈالر کیلئے سال آئی ایم ایف کی منتیں کرنی پڑ رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 108 اور109 میں بسنے والے مسیحی بھائیوں کا شکرگزار ہوں، الیکشن شیڈول کا اعلان ہوئے ایک دن ہوا ہے، اس تقریب کا انتظام کر کے یہاں کے لوگوں نے ہماری انتخابی مہم کا افتتاح کیا ہے۔ اللہ ہمیں اس حلقے سے مکمل کامیابی دے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 2018ء میں حالات مشکل تھے، بہت ساری قوتیں مسلم لیگ ن کا راستہ روک رہی تھیں، ہم نے 2018ء میں بھی اس حلقے سے اکثریت حاصل کی تھی، 2018ء میں بھی یہاں سے مسیحی برادری نے ساتھ دیا تھا، یہاں میں نے وعدہ کیا تھا ایک ایک مسئلے کو حل کریں گے۔ 2012ء اور 13ء میں لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کے ہاتھوں ملک گھرا ہوا تھا، ایک دن میں دو دو، تین تین دھماکے ہوتے تھے، ہم نے اس وقت بھی عوام سے کہا تھا ہمارے اوپر اعتماد کریں، مسائل سے نجات دلائیں گے۔ اب بھی لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہے یہ بہت مشکل ہے۔ ہم نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کر کے دکھایا، ہمارے دور میں پٹرول 65 روپے لٹر تھا، سی پیک نے ایک طرف کی دنیا کو دوسری طرف کی دنیا سے ملا دینا تھا، اب ایک ارب ڈالر کیلئے سال سال آئی ایم ایف کی منتیں کرنی پڑتی ہیں، ملک ڈیفالٹ کر رہا تھا، آئی ایم ایف کا معاہدہ ناممکن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو ناک سے لکیریں نکالنا پڑیں پھر جاکر آئی ایم ایف معاہدہ ہوا، 2020ء تک سی پیک منصوبہ مکمل ہونے جارہا تھا، 2017ء میں ایک سازش ہوئی اور مسلم لیگ ن کو روکا گیا۔ میاں نواز شریف کی حکومت ختم کی گئی، وزیراعظم ہاؤس سے نکالا گیا، سازش کے نتیجے میں جس کو لایا گیا اس نے معیشت کا بیڑا غرق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن