• news

لاہور میں تجاوزات کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ، 48گھنٹے مہلت، کل سے آپریشن : محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رضا کارانہ طورپر تجاوزات ختم کرنے کے لئے 48گھنٹے کی مہلت، کل منگل صبح سے باضابطہ آپریشن شروع ہوگا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تجاوزات قائم کرنے پر گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اسسٹنٹ کمشنر اور ایس پیز کو متعلقہ علاقوں میں آپریشن کی تیاری کی ہدایت کی اورکہا کہ انسداد تجاوزات مہم میں کوئی نرمی اور رعایت نہیں ہوگی، سختی کرنی پڑی تو کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ دور کرنے کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیشتر مقامات پر تجاوزات ہی ٹریفک جام کا باعث ہیں۔ دوسری طرف وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ڈیزل کی قیمت میں کمی کے تناسب سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے کرائے میں کمی کا ٹاسک دے دیا۔ پنجاب بھر میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو آج رات تک کرایوں میں کمی کی ڈیڈ لائن کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو منتقل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے باغبانپورہ میں شادی ہال کے باہر فائرنگ کے واقعہ کے نتیجے میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مقتولین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن