فلسطین کے مسئلے کے مضبوط حل کیلئے او آئی سی کردار ادا کرے:عبد الغفار روپڑی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار )فلسطین کے مسئلے کے مضبوط حل کیلئے او آئی سی کردار ادا کرے۔ امیر کویت شیخ نواف الاحمد کی وفات عالم اسلام کے لیے سانحہ ہے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں یہ بات جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے کہی۔ مسلم حکمران اور او آئی سی کو فلسطین کے دیرپا حل کیلئے مثبت اور مضبوط حل نکالنے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ اسرائیل کی فوجی کاروائیوں سے تباہی اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ناقابلِ برداشت ہوتا جارہا ہے۔ کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات سے پاکستان سمیت پورا عالم اسلام اپنے ہمدرد محروم ہو گیا۔ ان کی دین اسلام کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے نام پیغام میں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شیخ کی اسلام اور انسانیت کیلئے قابلِ قدر خدمات ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔