• news

گرینڈ ایمپائر مارسیمینار،قضیہ فلسطین پوری امتِ مسلمہ کا معاملہ ہے:شجاع الدین شیخ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تنظیم اسلامی کے زیر اہتمام ’’ لہو لہو فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی پکار ‘‘ کے عنوان سے  سیمینار ہوا۔  صدارتی خطبہ میں امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے کہا کہ قضیہ فلسطین پوری امتِ مسلمہ کا معاملہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ حماس کے مجاہدین اس وقت باطل قوتوں کے خلاف مسجد اقصیٰ کی حفاظت اور امت مسلمہ کے بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مسئلہ فلسطین دینی و تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ پون صدی سے جاری صیہونی ظلم و جبر کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ فلسطینی مسلمانوں کی استقامت درحقیقت قوی ایمان اور اللہ پر توکل کا نتیجہ ہے۔ سینئر رہنما حماس اور حماس کے مغربی ایشیاء اور پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ ڈاکٹراسرار احمد نے مسجد اقصیٰ کی تاریخ اور صیہونیوں کے مذموم ایجنڈا کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔  ایوب بیگ مرزا نے کہا کہ مسئلہ فلسطین ا ور مسجدِاقصیٰ کی حرمت کا معاملہ سابقہ اْمتِ مسلمہ اور موجودہ اْمتِ مسلمہ کے درمیان حتمی معرکہ کی اہم کڑی ہے۔ جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امورِ خارجہ آصف لقمان قاضی نے کہا کہ آج پوری دنیا غزہ میں ایک نئی تاریخ رقم ہوتے ہوئے دیکھ رہی ہے۔ ایکس سروس مین ادارے کے ترجمان برگیڈیئر (ر) جاوید احمد نے کہا کہ مسلمان ممالک کے حکمرانوں کو مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن