الیکشن کے حتمی شیڈول کا اعلان ،قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ا یڈووکیٹ نے عدالت عظمیٰ کے الیکشن پر فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کے حتمی شیڈول کا اعلان قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ 8 فروری قوم کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے والوں کا یوم احتساب ثابت ہوگا۔ الیکشن کے التوا کی باتیں اور سازشیں کرنے والے اپنی سابقہ کارکردگی سے خوفزدہ ہیں۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی قیادت کی کارکردگی قوم نے دیکھ لی۔ سب نے مایوس کیا اور ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ حکمرانوں نے ملک کے وسائل لوٹ کر اپنی اولادوں کا مستقبل محفوظ کیا ہے اور قوم کے بچوں کا تباہ۔ کوئی ادارہ اور عدالت طاقتور حکمران طبقہ کا احتساب نہیں کرسکی۔ عوام ووٹ کی طاقت سے ہی کرپٹ مافیا، ظالم جاگیرداروں کا احتساب کرسکتی ہے۔ جماعت اسلامی ہی تمام سیاسی پارٹیوں کی نسبت بہترین متبادل ہے۔ جماعت اسلامی نے اہل لاہور کو الیکشن کیلئے دیانتدار، باصلاحیت اور محب وطن قیادت فراہم کی ہے۔