• news

نیشنل کالج کے اساتذہ ، طلبہ کے وفد کادورہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ

لاہور( کامرس رپورٹر) نیشنل کالج آف آرٹس کے اساتذہ اور طلبہ کے وفد نے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کر کے ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے مختلف مراحل اور اس کی ایکسپورٹ کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انہیں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹس جیسے تعلیمی ادارے اور مختلف صنعتوں خصوصاً ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے درمیان مضبوط روابط کی سٹریٹجک اہمیت ہے جس کے ذریعے پیداوار میں اضافے اور مذکورہ صنعت کو درکار سکلز اور دیگر مہارتوں کی دستیابی میں کلیدی معاونت میسر آ سکتی ہے۔ دونوں اداروں میں تعاون کا فروغ انٹرپرینیورشپ کیلئے بھی موثر ہو سکتا ہے۔ بہت سے درپیش مسائل کی موجودگی میں اکٹھے چلنے سے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں اورخاص طور پر وہ لوگ اپنا کاروبار کر رہے ہیں انہیں بہترین معاونت مل سکتی ہے۔ انہوںنے تجویز دی کہ تمام متعلقہ ادارے جیسے یونیورسٹیاں ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور صنعت سے وابستہ لوگوں کو اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان پائی جانے والی خلیج کو کم کرنے ،چیلنجوں اور امکانات کے تناظر میں ملاقاتیں اور مکالمہ کرنا چاہیے۔صنعت اور اکیڈمیا کے درمیان روابط اور مضبوط تعاون پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہو سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن