• news

غزہ: کیمپ پر بمباری،90 فلسطینی شہید، 6اسرائیلی فوجی ہلاک: جنگ بندی کیلئے مذاکرات شروع

غزہ‘ دوحہ‘ بیروت (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 90 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ جبالیہ کیمپ میں شہاب خاندان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 20 افراد شہید اور 100 زخمی ہوگئے جبکہ گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس سے قبل صہیونی فورسز نے خان یونس میں ناصر ہسپتال پر ٹینکوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 سالہ بچی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب رفاح میں عمارت پر فضائی حملے میں 4 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔ ادھر مغربی کنارے میں بھی 5 شہری اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے۔ غزہ کا الشفا ہسپتال مکمل طور پر مریضوں سے بھر گیا۔ بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کا محاصرہ ختم کردیا تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے شمالی غزہ میں کمال عدوان ہسپتال کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان ہسپتال کے غیرفعال ہونے سے 8 افراد شہید ہوئے ہیں۔ ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے بعد اسرائیلی افواج کی جانب سے نورالشمس کیمپ پر جارحانہ کارروائی کی گئی۔ اسرائیلی طیارے کے حملے میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں کو بھی کیمپ جانے سے روک دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل آخر تک جنگ لڑے گا، ہم حماس کے حوالے سے اپنے تمام اہداف حاصل کریں گے۔ دوسری جانب  مصری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی کیلئے اسرائیل، قطر اور مصری حکام کے درمیان بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے۔ خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 50 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے اپنے صحافی کے قتل کیخلاف اسرائیل کیخلاف عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈونیشیا میں پھر غزہ جنگ کیخلاف مظاہرے‘ امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اسرائیل نے غزہ میں اب تک کی سب سے بڑی سرنگ تلاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حماس نے اسرائیلی چوکیوں پر حملوں کی ویڈیوز جاری کر دیں۔ دمشق کے قریب اسرائیلی حملے میں 2 شامی فوجی زخمی ہو گئے۔ امریکی سی آئی اے اور موساد کے سربراہوں نے قطری وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے نئے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر میں سفارتی کوششوں میں غزہ میں جنگ بندی کیلئے خاکے پر غور کیا گیا۔ فریقین پہلے مرحلہ میں سویلینز اور بیماروں کو رہا کرینگے۔ فوجیوں کی نعشیں بھی واپس کی جائیں گی۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اسرائیلی ہم منصب سے ملے۔ کہا فلسطینیوں کی حفاظت اخلاقی فریضہ‘ غزہ میں امداد کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔ اسرائیلی فوج نے اپنے ایک اور افسر اور 5 فوجیوں کے غزہ میں مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق میجر ایڈور یوسف اتوار کو شمالی غزہ میں حماس سے لڑائی میں مارا گیا۔ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز اپنے 5 افسروں کے غزہ میں مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی حکام نے غزہ میں اب تک 127 فوجیوں کے مارے جانے کا بتایا ہے۔ اسرائیلی چیف آف سٹاف ہرزی نے کہا غزہ کی پٹی میں 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو غلطی سے ہلاک کر دیا۔ وہ سفید جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔ پوپ فرانسس کے بعد اٹلی نے بھی غزہ کے چرچ میں دو اسرائیلی خواتین کو ہلاک کرنے کی اسرائیلی کارروائیوں پر تنقید کی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تجانی نے کہا کہ اسرائیلی سنائپرز نے دو خواتین کو ہلاک کیا۔ چرچ میں اسرائیلی سنائپرز کی فائرنگ سے خواتین کی ہلاکت قابل مذمت ہے۔ چرچ میں فائرنگ کا حماس کے خلاف لڑائی سے کوئی تعلق نہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کے پراکسی حملے خطے کے استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع پواف گیلنٹ نے کہا اپنے مقاصد پورے کرنے تک نہیں رکیں گے۔ جنوبی لبنان میں حزب اﷲ کے سپاہی کے جنازے پر اسرائیلی ڈرون نے بمباری کی۔ عرب میڈیا کے مطابق جنازے کے شرکاء اسرائیلی بمباری کے باوجود آگے بڑھتے رہے۔ شرکاء ’’مرگ بر اسرائیل‘‘ کے نعروں میں جنازہ لیکر آگے بڑھتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن